محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے وقفے وقفے سے آندھی جھکڑ چلنے اور بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اپریل سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس سے 24 سے27 اپریل تک بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 29 اپریل کے دوران پہاڑوں پر برفباری اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں26 سے 29 اپریل تک تیز ہوا کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
اندرون سندھ میں 25 اور 26 اپریل کو سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ اور دادو میں گرد آلود ہواؤں کیساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ خیبر پختونخوا، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔